11 مارچ 2021 - 10:17
نعیم قاسم: جناب ابوطالب (ع) ہمیشہ پیغمبر اکرم(ص) کے مدافع رہے ہیں

حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ نے مزید کہا: اگر جناب ابوطالب پیغمبر اکرم کے ساتھ نہ ہوتے تو مشرکین رسول خدا کو اسلام کی تبلیغ کی اجازت نہ دیتے بلکہ یہاں تک ممکن تھا کہ رسول خدا کو قتل کر دیتے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جناب ابوطالب (ع) بین الاقوامی سیمینار جو ۹ مارچ ۲۰۲۱ کو قم المقدسہ میں شروع ہوا اس میں حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: جناب ابوطالب رسول اکرم اور اسلام کے حامی تھے، انہوں نے ساری زندگی رسول اکرم کی حمایت کی جبکہ وہ بنی ہاشم کے سردار تھے اور قریش کے درمیان ان کا خاص مقام تھا بعثت کے بعد رسول اکرم نے دس سال جو مکہ میں گزارے ان میں جناب ابوطالب شانہ بشانہ پیغمبر کے ساتھ تھے۔
انہوں نے مزید کہا: جناب ابوطالب (ع) اپنے بیٹے جعفر کو ترغیب دلاتے تھے کہ وہ پیغمبر اکرم (ص) کے پیچھے نماز پڑھیں انہوں نے اپنے بھائی جناب حمزہ (ع) کی بھی حمایت کی جب وہ رسول اکرم پر ایمان لائے۔
حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ نے مزید کہا: اگر جناب ابوطالب پیغمبر اکرم کے ساتھ نہ ہوتے تو مشرکین رسول خدا کو اسلام کی تبلیغ کی اجازت نہ دیتے بلکہ یہاں تک ممکن تھا کہ رسول خدا کو قتل کر دیتے۔
نعیم قاسم نے شعب ابی طالب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: جناب ابوطالب بنی ہاشم کے ساتھ بعثت کے ساتویں سال سے لے کر دسویں سال تک شعب ابی طالب میں اقتصادی محاصرے میں رہے اور آخر کار اسی سال یعنی بعثت کے دسویں سال دنیا سے رحلت کر گئے، پیغمبر اکرم نے اس سال کو عام الحزن کا نام دیا اور پیغمبر اکرم نے اس موقع پر فرمایا کہ میں اپنے چچا کی شفاعت کروں گا اس سے بالاتر جناب ابوطالب کے ایمان کی کیا دلیل چاہیے وہ اس مقام پر فائز تھے کہ رسول اکرم نے ان کی شفاعت کا اعلان کیا۔
..........

242